کامیابی کیلئے دو باتیں
کامیابی کیلئے دو باتیں انتہائی اہم ہیں انہیں گرہ دے لیجئے ان شاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی اس کے لئے ضروری ہے کہ کسی بھی تنقید پر بددل مت ہوں اس کے لئے مثال دیتاہوں مینڈکوں کا ایک گروہ کہیں جا رہا تھا کہ اچانک ان میں سے دو بے دھیانی میں ایک گڑھے میں جا گرے۔ باہر ٹھہرے مینڈکوں نے دیکھا کہ گڑھا ان دو مینڈکوں کی استطاعت سے زیادہ گہرا ہے تو انہوں نے اوپر سے کہنا شروع کر دیا۔ ھائے افسوس، تم اس سے باہر نہ نکل پاؤ گے، کوششیں کر کے ہلکان مت ہونا، ہار مان لو اور یہیں اپنی موت کا انتظار کرو۔ ایک مینڈک کا یہ سب کچھ سن کر دل ہی ڈوب گیا، اس نے ٹوٹے دل کے ساتھ چند کوششیں تو کیں مگر اس جان لیوا صدمے کا اثر برداشت نہ کر پایا اور واقعی مر گیا۔ دوسرے کی کوششوں میں شدت تھی اور وہ جگہ بدل بدل کر، جمپ لگاتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اوپر والے مینڈک پورے زور و شور سے سیٹیاں بجا کر، آوازے کستے ہوئے، اسے منع کرنے میں لگے ہوئے تھے کہ مت ہلکان ہو، موت تیرا مقدر بن چکی ہے۔ لیکن مینڈک نے اور زیادہ شدت سے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور واقعی میں باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ سارے مینڈک اس کے گرد جمع ہو گئے اور پوچھنا شروع کیا کہ وہ کیسے باہر نکلا؟ تو سب کو یہ جان کر بہت حیرت ہوئی کہ یہ والا مینڈک تو کانوں سے محروم اور بہرا تھا۔ مینڈک سارا وقت یہی سمجھ کر باہر نکلنے کیلیئے اپنا سارا زور لگاتا رہا تھا کہ باہر کھڑے ہوئے سارے مینڈک اس کے خیر خواہ اور دوست ہیں، جو اس کی ہمت بندھوا رہے ہیں اور جوش دلا رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ تھی کہ وہ سارے اس کی ہمت توڑنے اور باہر نکلنے کے عزم کو ختم کرنے میں لگے ہوئے تھے۔ کسی بھی تنقید پر بددل مت ہوں بلکہ اس تنقید کے نشتر کی سیڑھیاں بنا کر کامیابی کی منزل کی جانب بڑھتے رہیں کسی بھی تنقید پر دلبرداشتہ نہ ہوں بلکہ اس تنقید کے نشتر کی سیڑھیاں بنا کر کامیابی کی منزل کی جانب بڑھتے رہیں۔دوسری بات بھی بڑی اہم ہے اگر نیا کاروبار شروع کرنے جا رہے ہیں؟ یا کسی نئے رشتے میں جڑ رہے ہیں؟ یاپھرنئی گاڑی، نیا گھر یا کوئی نیا منصوبہ بنا رہے ہیں؟ میں آپ کے گوش گذاریہ کرنا چاہتاہوں راز رکھنا سیکھیں کسی کو اپنے دل کی بات نہ بتائیں کیونکہ دنیا میں حاسدوںکی تعدادمیں برابر اضافہ ہوتاجارہاہے یوں سمجھیں نکمے ،ویلے اور نکھٹو قسم کے لوگوںکو دوسروںکی کامیابی سے اللہ واسطے کا بیرہوتاہے جب تک کام مکمل نہ ہو جائے خاموش رہیں اور خاموشی کو اپنی ڈھال بنا لیں۔ اکثر ہمارے خواب اس لئے ادھورے نہیں رہ جاتے ہیں کہ قسمت ساتھ نہیں دیتی، بلکہ ہم غلط وقت پر غلط لوگوں کے سامنے اپنا منہ کھول دیتے ہیں۔ ابھی بیج بوئے بھی نہیں ہوتے، اور ہم پہلے ہی سب کو بتا دیتے ہیں کہ فصل آنے والی ہے۔ یاد رکھیں نظریں، حسد اور منفی توانائیاں وہ سب اپنی طرف کھینچ لیتی ہیں جو خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ لوگوں کو اپنے منصوبے نہ بتائیں بلکہ انہیں اپنی کامیابی کے نتائج دکھائیں یعنی محنت اتنی خاموشی سے کریں کہ آپ کی کامیابی خود شور مچا کر دنیا کو بتا دے کہ آپ کس مقام پہ کھڑے ہیں۔
Comments
Post a Comment